صیہونی صدر کے دورۂ بحرین کے خلاف احتجاجی مظاہرے
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے صدر کے دورۂ بحرین کے خلاف بحرین کے عوام نے احتجاجی مظاہرہ کر کے اس کی مذمت کی۔
سحر نیوز عالم اسلام: ارنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے ستره علاقے کے عوام نے ایک بار پھر قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ساتھ روابط کی برقراری کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی صدر کے دورۂ بحرین کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہروں میں بحرینی عوام نے پلے کارڈ، کتبے اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ بحرین اور اسرائیل کے تعلقات کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
اسرائیل کے صدر اسحاق هرتزوگ کل بروز اتوار بحرین کا دورہ کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ بحرین نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوہزار بیس میں اس وقت کے امریکی صدر ٹرمپ کے دباؤ میں آ کر تعلقات کی بحالی کے دستاویز پر دستخط کر دئے تھے، جس پر عالم اسلام، فلسطین بالخصوص بحرین میں سخت برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔
عالم اسلام بالخصوص فلسطینی عوام نے صیہونی حکومت کے ساتھ عرب امارات کے دوستی کے معاہدے کو قبلۂ اول بیت المقدس اور ارض فلسطین کے ساتھ غداری قرار دیا ہے۔