عرب پارلیمنٹ کا نئی صیہونی کابینہ کے انتہا پسندانہ اقدامات پر انتباہ
عرب پارلیمنٹ نے نو منتخب صیہونی کابینہ کے انتہا پسندانہ اقدامات کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: بنیامن نیتن یاہو نے گزشتہ جمعرات کو ایک بار پھر وزیر اعظم کے طور پر غاصب صیہونی ریاست کی باگ ڈور سنبھال لی ہے اور انہوں نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر میں اضافے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے ایک بیان جاری کر کے صیہونی حکومت کی نئی پالیسیوں کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ صیہونی کابینہ کے انتہا پسندانہ اور نسل پرستانہ اقدامات کے سخت اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
عرب پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس اور بالخصوص مسجد الاقصیٰ کے اسلامی تشخص کو تبدیل کرنے والے صیہونی اقدامات کے مقابلے میں فوری طور پر متحرک ہوں اور اپنی خاموشی توڑ کر صیہونی حکومت کے نسل پرستانہ اور انتہا پسندانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اس کے جرائم پر جوابدہ بنائیں۔