Jan ۰۳, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
  • مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک انتہا پسند صیہونی وزیر کے ذریعہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غاصب اسرائیلی حکومت کے قومی سلامتی کے وزیر  ایتمار بن غفیر کے ذریعہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کئے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی وزیر ایتمار بن غفیر نے آج (منگل کے روز) مسجد الاقصیٰ میں در اندازی کی۔ ایتمار بن غفیر کے ساتھ انتہا پسند صیہونی آبادکاربھی موجود تھے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے انتہا پسند صیہونی وزیر کے جارحانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس مملکت فلسطین کا دائمی اور ابدی دارالحکومت ہے اور مسجد الاقصیٰ سمیت فلسطین کے مقامات مقدسہ کی کسی بھی طرح کی بے حرمتی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور دنیا کے مسلمانوں کے مقدسات اور اقدار کی توہین کے مترادف ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے قانونی فریضے پر عمل کریں اور فلسطینی عوام نیز مسلمانوں کے مقدسات پر غاصب اور ناجائز صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائیوں کو روکنے کے ٹھوس اقدام کریں۔

 

 

ٹیگس