بیت المقدس کے حالات کشیدہ، اقوام متحدہ کی تشویش
اقوام متحدہ نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں بدلتے حالات کی جانب سے تشویش ظاہر کی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتونیو گوتریس نے مسجدالاقصیٰ اور بیت المقدس میں موجود مسلمانوں کے مقدس مقامات کی صورتحال میں عدم تبدیلی اور ان کی انتظامی اختیارات اور خصوصی پوزیشن پر زور دیا ہے۔
صیہونی انتہاپسند وزیر بن گویر کی جانب سے مسجدالاقصیٰ کی بے حرمتی کے بعد فرحان حق نے تمام فریقوں کو ہر اس اقدام سے پرہیز کرنے کی تجویز دی جس کے نتیجے میں بیت المقدس اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں حالات کے کشیدہ ہونے کا امکان بڑھتا ہو۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کے قومی سلامتی کے وزیر بن گویر نے، گذشتہ روز بلٹ پروف جیکٹ پہن کر اور مکمل سیکورٹی اور گارڈز کے ساتھ مسجد مسجدالاقصیٰ کے صحن میں داخل ہوکر حرم ابراہیمی کی بے حرمتی کی ۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزیر کی حیثیت سے بن گویر نے پہلی بار ایسی حرکت کا ارتکاب کیا ہے۔ دریں اثنا فلسطینی خبری ذرائع نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو صیہونی آبادکار مقبوضہ بیت المقدس میں واقع عیسائیوں کے قبرستان میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونیوں کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے گھروں اور قبرستانوں کو مسمار کرنے کے واقعات میں شدت آچکی ہے۔ صیہونی آباد کار، تل ابیب اور غاصب صیہونی فوج کی حمایت میں گھروں کو گرانے کے ساتھ ساتھ، محلوں اور شہروں کے نام تک تبدیل کر رہے ہیں۔