شامی فوج کی گشتی گاڑی پر داعش دہشت گروہ کا حملہ
داعش دہشت گرد گروہ نے شام کے شہر الرقہ کے مغربی علاقے میں فوجی گشتی گاڑی پر حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: خبروں کے مطابق شامی فوج کی گشتی گاڑی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق اور پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔ عراق میں موصل اور شام میں الرقہ کو داعش دہشت گرد گروہ سے آزاد کرائے جانے کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر اب بھی مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جن کی خفیہ سرگرمیاں جاری ہیں اور موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملہ کرتے رہتے ہیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس پیدا اور اس طرح سے اپنے وجود کا اعلان کر سکیں ۔
رواں عیسوی سال شروع ہونے کے بعد سے داعش دہشت گرد عناصر نے شام کے مختلف علاقوں منجملہ الرقہ، دیرالزور، حماہ اور حمص کے مختلف علاقوں میں اپنے دہشت گردانہ حملے تیز کر دیئے ہیں جبکہ شام کی مسلح افواج نے بھی دہشت گردوں کے خلاف خصوصی کارروائی کے لئے مختلف علاقوں میں فوجی و بکتربند گاڑیاں اور فوجی گشتی دستے تعینات کر دیئے ہیں۔