صیہونیوں کی گولیوں نے ایک اور فلسطینی کی جان لے لی
فلسطین میں صیہونیوں کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعے میں صیہونی فوجیوں نے ایک اور فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا۔ دوسری جانب صیہونی فوجیوں پر بھی حملے کی خبریں موصول ہوئی ہیں
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، رام اللہ کے قریب واقع عوفرا کالونی میں صیہونیوں نے ایک فلسطینی شہری کو اس بہانے شہید کردیا کہ ان کے خیال میں وہ شہادت پسندانہ کارروائی کرنے جا رہا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی شہری کی گاڑی کو روک کر اس سے بحث کرنا شروع کردی اور پھر اسے زبردستی اتار کر کم فاصلے سے گولی ماری۔
فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق، زخموں کی تاب نہ لاکر یہ فلسطینی نوجوان دم توڑ گیا۔
ہفتے کے روز بھی صیہونی فوجیوں نے تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
یاد رہے کہ سن دو ہزار بائیس میں صیہونیوں نے دو سو چوبیس فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کردیا تھا جن میں سے انسٹھ کا تعلق جنین علاقے سے تھا۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی برادری کی خاموشی کی آڑ میں صیہونی فوجی ہر روز اور ہر بہانے سے فلسطینی شہریوں کو شہید یا زخمی اور گرفتار کرلیتے ہیں۔
تازہ رپورٹوں کے مطابق سن دو ہزار تیئیس کے ابتدائی پندرہ دن میں فلسطینی شہیدوں کی تعداد بڑھ کر تیرہ تک پہنچ چکی ہے جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر صیہونی فضائیہ کے کافیر نام کے اڈے سے دھماکے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ دھماکہ دستی بم کے پھٹنے سے ہوا ہے جو کہ مقبوضہ سرزمینوں کے اندر سے ہی اس فوجی اڈے میں پھینکا گیا تھا۔ اس دھماکے میں تین صیہونی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک فوجی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دریں اثنا دسیوں ہزار صیہونیوں نے تل ابیب میں نتن یاہو کی رہائشگاہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دے کر ان کی دائیں بازو انتہاپسند حکومت کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
صیہونی اخبار یدیعوت آحارنوت نے بھی اعلان کیا ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو صیہونی وزیر اعظم کے گھر کی حفاظت کے لئے تعینات کردیا گیا ہے۔
ایک جانب نتن یاہو نے اقتدار سنبھالتے ہی فلسطینیوں کے خلاف مظالم بڑھا دیئے ہیں تو دوسری جانب صیہونی حلقوں میں اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ نتن یاہو کی انتہاپسندانہ پالیسیوں نے صیہونی حکومت کو تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔