ترکیہ - شام زلزلہ، اموات اور زخمیوں کی تعداد 3500 سے تجاوز کر گئی
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: گزشتہ شب ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس میں اب تک مجموعی اموات 514 ہو گئیں جبکہ ایک بڑی تعداد ابھی بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہے۔
ترک نائب صدر فواد اُکتای کا اس حوالے کہنا ہے کہ ترکیہ میں آئے زلزلے سے اموات کی تعداد 284 ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد غازیانتپ اور حاطے ایئر پورٹ پر سول پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق زلزلے سے ترکیہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 2323 تک جا پہنچی ہے جبکہ 1710 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گۓ ہیں۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ شام میں زلزلے سے اموات 230 سے زائد جبکہ زخمیوں کی تعداد 600 تک پہنچ چکی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اموات میں مزید اورتیز رفتار اضافے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
زلزلے کے بعد بعض علاقوں میں سخت سردی نے بھی حالات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور زلزلے سے متاثرہ افراد کھلے آسمان کے نیچے گھنٹوں گزارنے پر مجبور ہو گئے۔