May ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۷:۵۱ Asia/Tehran
  • ترکیہ کا دعویٰ؛ شام میں داعش کے سرغنہ کو ہلاک کر دیا

شام میں تکفیری دہشتگرد ٹولے داعش کے سرغنہ کی ہلاکت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ترکیہ کا دعویٰ ہے کہ شام میں موجود اسکی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد ٹولے داعش کے سرغنہ ابو الحسین القریشی کو ہلاک کیا ہے۔ ترکیہ کے شہر استنبول سے نیوز ایجنسی رویٹرز کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی انٹیلی جنس فورسز نے داعش کے سرغنہ کو شام میں آپریشن کے دوران ہلاک کیا ہے۔

انہوں نے کہا یہ کارروائی شام کے علاقے جنداریس میں کی گئی۔ ترک صدر نے دعویٰ کیا کہ ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کافی عرصے سے داعش کے سربراہ ابو الحسین الحسینی القریشی کے تعاقب میں تھی۔

خبررساں اداروں کے مطابق جنداریس کے ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئیں اور دھماکے کی آواز سنی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق سیریئن نیشنل آرمی نے اب تک داعش کے سربراہ کے مارے جانے کی خبر پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ نومبر دوہزار بائس میں داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی کے مارے جانے کے بعد ابو الحسین الحسینی القریشی کو دہشتگرد تنظیم کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ ترکیہ نے داعشی سرغنے کو ہلاک کرنے کا دعویٰ ایسے عالم میں کیا ہے کہ ترک حکام کے بعض قریبیوں کو ماضی میں دہشتگردوں منجملہ داعش کی حمایت کرنے کے الزام کا سامنا رہا ہے۔

ٹیگس