کیوں جنرل قاسم سلیمانی، فلسطینیوں میں محبوب ہیں؟
فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے رہنماؤں نے شہید اسلام جنرل قاسم سلیمانی کے بلند و بالا مقام اور فلسطینی کاز اور مسجد اقصیٰ کے دفاع میں ان کی غیر متزلزل حمایت کو خراج تحسین پیش کیا اور فلسطین کی آزادی تک اس راہ کو جاری رکھنے کے عزم پر زور دیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں کے رہنماؤں اور اعلیٰ عسکری کمانڈروں نے غزہ پٹی میں تسنیم خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے شہید سلیمانی کی عظیم کوششوں کو یاد کیا۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں کے اعلیٰ حکام نے قدس اور مسجد الاقصیٰ کی آزادی کا راستہ اور اس شہید کے راستے کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔
تحریک جہاد اسلامی کے سینئر کمانڈروں میں سے ایک "خضر حبیب" نے شہید سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمت کی امنگوں کی حمایت میں ان کی وسیع حمایت پر اظہار تشکر کیا اور مزید کہا کہ بلاشبہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنا وعدہ پورا کرتا رہے گا، تہران پرعزم ہے اور فلسطین کے ساتھ ہمیشہ ثابت قدم رہے گا جو عالم اسلام اور امت اسلامیہ کا اہم ترین مسئلہ ہے۔
پاپولر فرنٹ آف فلسطین کے پولیٹیکل بیورو کے رکن طلال ابو ظریفہ نے فلسطینی مزاحمت کی عسکری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اسے وسعت دینے میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے عظیم کردار کو یاد کرتے ہوئے جارحیت اور غاصبانہ قبضوں کے خلاف مزاحمت کی جنگی کامیابیوں کو یاد کیا۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے ایک سینئر کمانڈر "محمد صالح" نے بھی ایک مختصر بیان میں کہا کہ اگرچہ ہم قاتل مجرم صیہونیوں کے ہاتھوں شہید جنرل سلیمانی کی شہادت پر سوگ مناتے ہیں، لیکن اسی خون سے بہت سے دوسرے کمانڈر ابھر کر سامنے آئے ہیں جنہوں نے جنرل قاسم سلیمانی، اسلامی جمہوریہ ایران اور تمام ممالک جو مزاحمت کے محور کی حمایت کرتے ہیں، کے راستے کو جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔
شہید ابو علی مصطفی بٹالینز کے ترجمان "ابو جمال" نے بھی فلسطینی مجاہدین کی طرف سے صیہونی دشمن کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے مقصد سے فلسطینی مزاحمت کے عزم کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ فلسطین ہی نہیں بلکہ لبنان، عراق اور تمام میدان جنگ میں صیہونی دشمن، امریکا اور عالمی سامراج کے خلاف، شہید سلیمانی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فلسطینیوں کی حمایت کے اثرات نظر آ رہے ہیں اور یہ مزاحمت کی کامیابی پر منتج ہوگا۔