غرب اردن، صیہونی فوجیوں نے فلسطینی شہید کا گھر مسمار کردیا
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے فوجیوں نے فلسطینی شہید، محمد الجعبری کے گھر کو مسمار کردیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے آج صبح غرب اردن کے الخلیل شہر پر دھاوا بول کر متعدد سڑکوں کو بند اور شہید محمد الجعبری کے اہل خانہ کو گھر سے باہر کیا اور اسکے گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔
صیہونی فوجیوں نے سردی کی شدت کے باوجود اطراف کے دسیوں گھروں کو بھی خالی کروایا اور گھنٹوں تک عورتوں اور بچوں کو باہر رہنے پر مجبور کیا۔
یاد رہے کہ شہید محمد کمال الجعبری نے انتیس اکتوبر کو شہادت پسندانہ کارروائی کے دوران ایک صیہونی خاخام کو ہلاک اور پانچ دیگر صیہونیوں کو زخمی کیا تھا ۔ انہوں نے یہ شہادت پسندانہ کارروائی انتہا پسند صیہونی وزیر ایتمار بن غفیر کی رہائشگاہ کے قریب انجام دی تھی۔
نام نہاد صیہونی عدالت نے دو ہفتے قبل شہید جعبری کے گھر کو گرانے کا حکم جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ تل ابیب فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار یا انہیں اپنے گھروں سے نکال باہر کرکے، ان کی شہریت چھین کر اور انہیں بہیمانہ طریقے سے قتل کرکے، فلسطینیوں کو مرعوب اور اپنی تسلط پسندی کا جواز حاصل کرنا چاہتا ہے تاہم فلسطینیوں نے اعلان کیا ہے کہ صیہونیوں سے پاک فلسطین ان کا حتمی ٹارگٹ ہے جسے کسی بھی قیمت پر حاصل کیا جائے گا۔