Feb ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • عرب اور اسلامی ملکوں نے نابلس میں صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کی

متعدد عرب اور اسلامی ملکوں نے نابلس میں بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہائے جانے کی شدید مذمت کی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسلامی بیداری کے عالمی فورم نے ایک بیان میں نابلس پرغاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کی اور غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں مسلمانوں اور عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ 
اسلامی بیداری کے عالمی فورم نے اپنے بیان میں غاصب صیہونی حکومت کو نسل پرست اور بچوں کی قاتل حکومت قرار دیا اور اس جارح حکومت کے ساتھ ہر طرح کی ساز باز پر اپنی شدید مخالفت کا اظہار کیا۔ 
متعدد عرب ملکوں نے بھی غرب اردن کے مختلف شہروں منجملہ نابلس میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
نابلس میں فلسطینیوں کے قتل عام کے بعد عرب اور اسلامی ملکوں منجملہ مصر، سعودی عرب، اردن، قطر، کویت، عمان، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور الجزائر نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں نابلس میں غاصب صیہونیوں کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کی ہے۔
ان ممالک نے صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے صیہونی فوجیوں کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ صیہونی جارحیت و غاصبانہ قبضہ ختم کرانے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنے فرائض پر عمل کرے۔ 
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ صیہونی غاصبوں کے جرائم کے مقابلے میں فلسطینیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور انھیں عالمی برادری کے موثر اقدام کا انتظار ہے۔ 
تحریک جہاد اسلامی فلسطینی کے سربراہ زیادہ النخالہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اس وحشیانہ جارحیت کا ہر حال میں جواب میں دے گی ۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں منجملہ شہر نابلس کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جن میں گیارہ فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ 
غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے بھی جمعرات کوغزہ کے قریب صیہونی بستیوں منجملہ عسقلان کو اپنے میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔ 
الاقصی چینل کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں اس بارے میں کہا ہے کہ صورتحال مسلسل ابتر ہوتی جا رہی ہے اور فلسطینی مجاہدین جارحیت کا جواب دینے اور اپنا دفاع کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بنابریں عالمی اداروں کو چاہئے کہ صورتحال کو پرامن بنانے میں تعاون کریں اور صورت حال دھماکہ خیز اور ناقابل کنٹرول ہونے کے نتائج کو درک کریں۔

ٹیگس