یورپی سفارتکاروں کا دورۂ فلسطین، صیہونی جرائم کی شدید مذمت
یورپی ممالک کے سفارتکاروں نے مقبوضہ فلسطین کے نابلس علاقے میں واقع حوارہ کالونی کا دورہ کر کے وہاں چند روز قبل ہوئے فسلطینیوں کے بہیمانہ قتل عام کی مذمت کی اور ساتھ ہی متاثرہ کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
سحر نیوز/عالم اسلام: دو ہفتے قبل ۲۲ فروری کو غاصب صیہونی دہشتگرد چند فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بہانے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر حملہ آور ہوئے تھے اور انہوں نے کم از کم دس فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید اور سو سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔
پھر اسکے بعد گزشتہ اتوار کو صیہونی آبادکاروں نے نابلس کی حوارہ کالونی پر دھاوا بول کر دسیوں مکانات اور دکانوں کو آگ لگا دی جبکہ بہت سی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ اس واقعے کے بعد فلسطینی نوجوان بھی میدان میں اتر آئے اور انہوں نے صیہونی دہشتگردوں کو لگام دینے کے لئے آپریشن کیا جس میں دو صیہونی ہلاک ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد صیہونی فوجیوں نے حوارہ کالونی کے داخلی راستے کو بند کر کے وہاں آنے جانے پر پابندی عائد کر دی۔
اس درمیان انیس یورپی ممالک کے نمائندوں اور سفارتکاروں نے جنوبی نابلس کی حوارہ بستی کا دورہ کیا اور علاقے میں رونما ہونے والی صیہونی دہشتگردی کے دوران فلسطینیوں کے بہیمانہ قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
اطلاعات کے مطابق بیلجیئم، قبرس، ڈینمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، مالٹا، میکسیکو، ہالینڈ، پولینڈ، ناروے، اسلووینیا، اسپین، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ اور جاپان کے نمائندے نابلس کا دورہ کرنے والے وفد میں شامل تھے جنہوں شدید ترین الفاظ میں صیہونی انتہاپسندی کی مذمت کی۔