Mar ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۲:۱۸ Asia/Tehran
  • افغانستان میں داعش خراسان کا سیکنڈ ان کمانڈ مارا گیا

افغان طالبان نے دعوی کیا ہے کہ داعش خراسان کے تین اہم دہشتگردوں کو انہوں نے ہلاک کر دیا ہے جن میں اس دہشت گرد گروہ کا دوسرا اہم ترین کمانڈر بھی شامل ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں قائم طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ داعش کی خراسان ونگ کے سیکنڈ ان کمانڈ مولوی ضیاء الدین کے علاوہ اس ٹولے کا اہم رکن ابوعمر آفریدی اور جنگی تربیتی امور کا سربراہ سلمان تاجیکستانی طالبان کی طرف سے کئے گئے ایک آپریشن میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

افغان طالبان کے انٹیلی جنس دفتر نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ یہ افراد بلخ کے مختلف علاقوں میں طالبان کے ہاتھوں مارے گئے اور ان افراد کا بلخ صوبے کے والی داؤد مزمل کے قتل میں ہاتھ بھی تھا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے میں افغان طالبان حکومت کا داعش کے خلاف یہ دوسرا بڑا آپریشن ہے جب کہ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مزار شریف میں بھی داعش کے تین خفیہ اڈوں پر آپریشن کی خبر دی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مارے جانے والے افراد میں تاجیکستانی شخص کی موجودگی مرکزی ایشیائی ممالک کے لئے داعش سے لاحق خطرات کی تقویت کرتی ہے جو ان ممالک کے شدت پسند افراد کی داعش میں شمولیت کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔

طالبان نے مرکزی ایشیاء کے ممالک کو یقین دہائی کرائی ہے کہ وہ کسی کو ان پر حملے کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ٹیگس