مسجد الاقصی: نماز جمعہ میں دسیوں ہزار فلسطینیوں کی شرکت
غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی بندشوں اور سخت سیکورٹی کے باوجود مختلف علاقوں سے بیت المقدس پہنچنے والےدسیوں ہزار فلسطینیوں نے ماہ مبارک رمضان کے دوسرے جمعے کی نماز میں بھرپور شرکت کی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے حوالے سے ارنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجی جمعے کو صبح سویرے سے ہی بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے اطراف میں تعینات ہو گئے تھے جو فلسطینیون کو نماز جمعہ میں شرکت سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے مگر لگائی جانے والی ان بندشوں اور سخت سیکورٹی حصار کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینی بیت المقدس پہنچے اور انھوں نے مسجد الاقصی میں ادا کی جانے والی نماز جمعہ میں شرکت کی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی فوجیوں نے ان روزے دار فلسطینیون کو ماہ مبارک رمضان کے دوسرے جمعے کی نماز میں شرکت سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم فلسطینیوں نے مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد الاقصی پہنچ کر نماز جمعہ میں وسیع پیمانے پر شرکت کی۔
یہ فلسطینی غرب اردن کے مختلف علاقوں اور قلندیا سے بیت المقدس جانے والے راستوں میں کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کو عبور کر کے بیت المقدس پہنچے اور مسجد الاقصی میں ادا کی جانے والی نماز جمعہ میں شرکت کی۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجی بیت المقدس میں ان کی خدمات رسانی میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ اور یہ غاصب فوجی ایمبولینسوں کا راستہ روک رہے ہیں۔