Apr ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • نابلس میں ایک اور فلسطینی شہید

غرب اردن کے شہر نابلس پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں ایک فلسطینی جوان شہید اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن کے علاقوں پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نابلس پر حملہ کیا جس میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اسی طرح نابلس میں عز طوقان اور نضان طبنجہ نامی دو فلسطینی جوانوں کے گھروں پر دھاوا بول کرانھیں گرفتار کر لیا۔ 
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی جوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے ایک جہادی گروہ عرین الاسود نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ نابلس میں صیہونی فوجیوں کا فائرنگ اور دھماکہ خیز مواد کے استعمال کے ساتھ مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
عرین الاسود نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں خاص طور سے حالیہ مہینوں کے دوران کئی کارروائیاں انجام دی ہیں اور صیہونی انتہا پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ 
دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے غزہ میں اپنی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسجد الاقصی اور بیت المقدس میں صیہونی جارحیت کے پیش نظر غزہ پر ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔ 
فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بھی اس بارے میں کہا ہے کہ مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں پر صیہونی جارحیت سے حالات مزید بگڑتے جا رہے ہیں بنابریں صیہونی جارحیت کے مقابلے کے لئے تمام آپشن کھلے ہوئے ہیں۔
غاصب صیہونی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر فلسطینیوں کی ایک تعداد کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ 
حال ہی میں غاصب صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں۔ 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے کہا ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔

ٹیگس