عراق میں ایران مخالف مسلح گروہوں کا وجود غیر قانونی ہے، محمد شیاع السودانی
عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عراق کی مرکزی اور کردستان کی مقامی حکومت ایران سے ملنے والی مشترکہ سرحدوں پر امن کی برقراری اور مطلوبہ افراد کو ایران کے حوالے کرنے کے سمجھوتے پر عمل کرنے کی پابند ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کے مخالف مسلح گروہ جو سابق صدام حکومت کے زمانے سے ہی عراقی کردستان میں موجود ہیں مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی مسائل و مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایران کے ساتھ قومی سلامتی کونسل اور مشترکہ کمیٹیوں کے اجلاس تشکیل پائے ہیں اور مشترکہ سرحدوں پر امن کی برقراری اور ایران مخالف زیر تعاقب افراد کو ایران کے حوالے کئے جانے اور عراق میں مخالفین کے کیمپوں کے قیام کو روکے جانے کے بارے میں سمجھوتہ طے پایا ہے جس پر عمل کئے جانے کی ضرورت ہے۔
عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے کہا کہ امید ہے کہ اس سمجھوتے پر عمل درآمد سے مشترکہ سرحدوں پر امن قائم ہو گا اور اس مقصد کے حصول کے لئے ان کے ملک کی مرکزی اور کردستان کی مقامی حکومت ایران سے ملنے والی مشترکہ سرحدوں پر امن کی برقراری اور مطلوبہ افراد کو ایران کے حوالے کرنے کے سمجھوتے پر عمل کرنے کی پابند ہے۔