چھے دن کے اندر شام پر صیہونی ٹولے کا چوتھا حملہ
غاصب صیہونی ٹولے نے ایک بار پھر شام کے دارالحکومت دمشق اور حمص شہر کے بعض علاقوں پر بمباری کی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق ناجائز صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب دمشق کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قریب کئی مقامات پر بمباری کی جس میں اب تک دو عام شہریوں کے مرنے کی خبر ہے۔
گزشتہ چھے روز کے درمیان صیہونی ٹولے کا شام پر یہ چوتھا حملہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی شدت اس قدر تھی کہ اسکی آواز مقبوضہ جولان اور طبریہ جھیل کے قریب رہائش پذیر مکینوں نے بھی سنی۔ بتایا جاتا ہے کہ شام کے ایئر ڈیفینس سسٹم نے صیہونی ٹولے کے اکثر میزائلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
دوسری جانب دمشق اور امان ہائی وے پر ایک دہشتگردانہ بم دھماکے کی خبر ہے جس میں کم از کم سولہ افراد زخمی ہو گئے۔ شامی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگردانہ دھماکہ دمشق امان ہائی وے پر صیدا پل کے قریب نصب ایک بم کا تھا جو اُس وقت پھٹ پڑا جب وہاں سے شام اردن مشترکہ فری زون کے ملازمین کی حامل ایک بس گزر رہی تھی۔
ابھی تک اس واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ پائی ہیں۔