حزب اللہ نے انڈونیشیا کے صیہونی حکومت مخالف اقدام کو سراہا
حزب اللہ لبنان نے انڈونیشیا کے اُس اقدام کی تعریف کی ہے جس میں انڈونیشیا نے اگلے ماہ ہونے والے انڈر 20 فٹ بال ورلڈ کپ میں صیہونی ٹیم کی مخالفت کی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے انڈونیشیا کی جانب سے انڈر 20 فٹ بال ورلڈ کپ میں صیہونی ٹیم کی شرکت کی مخالفت پر اسکی قدردانی کی ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کر کے بالی کے گورنر، علما اور دیگر تنظیموں کی جانب سے غاصب صیہونی ریاست کے ساتھ سمجھوتہ نہ کرنے اور ایک شرافت مندانہ قدم اٹھانے پر تعریف کی۔
حزب اللہ نے اسی طرح لبنانی اتھلیٹ کے اقدام کی بھی تعریف کی جس میں اُس نے اپنے گروپ میں صیہونی اتھلیٹ کی موجودگی پر مقابلے سے دست برداری کا اعلان کر دیا تھا۔ حزب اللہ کے بیان میں آیا ہے کہ عرب اور اسلامی اقوام کی جانب سے یہ اقدام ان کی بیداری کا ثبوت ہے۔
انڈونیشیا کو انڈر 20 فٹ بال مقابلوں کی میزبانی کرنا تھی لیکن جزیرہ بالی کے گورنر نے صیہونی ٹیم کی میزبانی کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے نتیجے میں انڈونیشیا کے فٹ بال فیڈریشن نے قرعہ اندازی کا عمل منسوخ کر دیا اور فیفا نے ٹورنامنٹ کی میزبانی انڈونیشیا سے واپس لے لی۔