امریکی نگرانی میں عراق میں داعشی دہشت گردوں کی واپسی
عراق کے صوبے الانبار کے ایک اعلی سیکورٹی ذریعے نے اعلان کیا ہےکہ عراقی حکام کو توجہ دینا ہوگی کہ الانبار میں داعشی دہشت گرد دوبارہ واپس نہ آسکیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المعلومہ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے الانبار کے ایک اعلی سیکورٹی ذریعے کا کہنا ہے کہ تین سو داعشی دہشت گرد فوجی وسائل کے ساتھ شام، عراق اردن کی مشترکہ سرحد عبور کر کے مغربی انبار میں واقع الشامیہ کے صحرائی علاقے میں منتقل ہوئے ہیں۔
اس ذریعے کے مطابق اس علاقے میں دہشت گردوں کی دوبارہ بڑھتی تعداد سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کی نگرانی میں الانبار میں داعشی دہشت گردوں کو پھر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ایک بار پھر اس علاقے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکیں اور دو ہزار چودہ والی حکمت عملی پر پھر عمل کیا جا سکے۔
اس سے قبل الانبار کے ایک عہدیدار نے بھی اس سلسلے میں خـبردار کیا تھا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز داعشی عناصر کا پتہ لگا کر ان کا صفایا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ کارروائیاں مختلف علاقوں میں جاری ہیں۔
واضح رہےکہ عراقی پارلیمنٹ کی جانب سے امریکی فوجی انخلا کے بل کی منظور کے باوجود امریکی فوج عراق میں مختلف بہانوں سے باقی رہنے کی کوشش کرتی رہی ہے جبکہ مبصرین کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کا مقصد دہشت گردوں کی حمایت کرنا ہے۔