مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر فلسطینی مزاحمتی گروہوں کا غزہ میں اجلاس
فلسطین کی مزاحمتی تنظمیں غاصب صیہونی ریاست کی جانب سے مسلسل مسجد اقصیٰ اور اس میں نمازیوں کی بے حرمتی پر غزہ میں مشترکہ اجلاس کر رہی ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے مسجد اقصیٰ میں ماہ مبارک رمضان کے آخری ایام میں وسیع پیمانے پر فلسطینیوں کی موجودگی اور صیہونی آبادکاروں کے ہاتھوں مسجد کی بے حرمتی کا مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے۔
فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن کے خلاف جنگ سخت اور شدید ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سارے مزاحمتی گروہ مل کر دشمن کو شکست سے دوچار کرنے اور اس کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مل کر کام کریں۔ رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ غوار، بیت المقدس کے آپریشن، غزہ اور لبنان کی جانب سے میزائل حملے اور مغربی کنارے میں فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی کاروائیاں، یہ سب غاصب صیہونی دشمن کے مقابلے میں وحدت کا ثبوت اور ملت اور امت کی غاصب دشمن پر فتح کی علامت ہے اور اس سے غاصب ریاست کی کمزوری اور ناتوانی کا اظہار ہوتا ہے اور یہ فلسطینی ملت کی صیہونیوں کے مقابلے میں ایک اور فتح ہے۔
مزاحمتی گروہوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن کی ہماری ملت اور مزاحمت کے خلاف دھمکیاں نہ صرف ہمیں خوفزدہ نہیں کرتیں بلکہ ان سے غاصب ریاست اور آبادکاروں کے خلاف مزاحمت کے جذبے میں اور اضافہ ہوتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غاصب ریاست اپنے جرائم اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا تاوان دے گی۔ بیان میں پوری فلسطینی قوم سے غاصب صیہونی دشمن کے مقابلے میں سیسہ پیلائی دیوار بن جانے کی اپیل کی گئی ہے۔