خانہ جنگی کے شکار ملک سوڈان میں 17 ہزار ٹن غذائی اشیاء غائب
سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مذاکرات آج ایسے میں ہونے والے ہیں کہ جب اس ملک میں 17 ہزار ٹن غذائی اشیاء کے غائب ہونے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: عالمی ادارہ خوراک کے علاقائی ڈائریکٹر ادی رو کا کہنا ہے کہ سوڈان میں تقریبا 14 ہزار ملین یورو مالیت کی 17 ہزار ٹن غذائی اشیاء کو خانہ جنگی کا شکار اس ملک کے عوام میں تقسیم کیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مذاکرات آج ہونے والے ہیں جس کی سعودی اور امریکی حکومت نے تصدیق کی ہے۔
سعودی اور امریکی حکومت کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مذاکرات آج جدہ میں ہوں گے۔
مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سوڈانی قوم کے مفاد میں فریقین جنگ بندی اور تنازعے کے خاتمے کے لیے مذاکرات کریں گے۔
واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان 15 اپریل سے جاری جھڑپوں میں اب تک 700 سے زیادہ افراد جان سے جا چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔