Dec ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • سوڈان میں اقوام متحدہ کی عمارت پر ڈرون حملہ، 6 بنگلہ دیشی امن فوجی ہلاک

سوڈان کے ایک علاقے میں اقوام متحدہ کی عمارت پر ڈرون حملہ ہوا ہے جس میں اس کے 6 فوجی ہلاک ہوگئے، مارے گئے فوجیوں کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا جاتا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق سوڈان کے جنوبی کوردوفان علاقے میں اقوام متحدہ کی ایک عمارت پر بڑا ڈرون حملہ ہوا ہے۔ اس حملے میں اقوام متحدہ کے کم از کم 6 امن فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ ان سب فوجیوں کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوتریش نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’’یہ بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتا ہے۔‘‘ انٹونیو گوتریش نے کہا کہ ’’جنوبی کوردوفان میں امن فوجیوں پر ہونے والے اس حملے کو کسی بھی طرح سے جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ اس کے لیے جوابدہی طے کی جائے گی۔‘‘

 

دریں اثنا بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس حملے کی خبر سے ان کو بہت افسوس ہوا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے گزارش کی ہے کہ ان کے ملک کے اہلکاروں کو ضروری ایمرجنسی امداد فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت اس مشکل وقت میں متاثرہ کے خاندانون کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ محمد یونس کے علاوہ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس