بن گورین ایرپورٹ کی سائٹ پر سائبر حملہ
بعض فلسطینی ذرائع نے تحریک مزاحمت کے میزائل اور راکٹ حملوں کے ساتھ ہی تل ابیب کے بن گورین ایرپورٹ کی سائٹ پر سائبر حملہ اور اس سائٹ کے کام نہ کرنے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین کی رپورٹ کے مطابق ان فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کے بعد تل ابیب کی بن گورین ایرپورٹ کی سائٹ دسترس سے باہر ہو گئی ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں کے مختلف صیہونی سرکاری اداروں کی سائٹوں پر سائبر حملوں میں تیزی آئی ہے جبکہ تحریک مزاحمت کے جوابی میزائل اور راکٹ حملوں سے آئرن ڈوم سسٹم بھی محفوظ نہیں رہا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے مختلف حساس ادارے منجملہ صیہونی پارلیمنٹ، جاسوسی کی تنظیم موساد اور اندرونی سلامتی کے ادارے شاباک کی سائٹوں پر پہلے ہی سائبر حملے ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب گذشتہ ہفتے منگل کی صبح سویرے سے غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ پر جارحیت شروع کی ہے جس کے جواب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے تل ابیب سمیت مختلف مقبوضہ علاقوں پر بے تحاشہ میزائلوں اور راکٹوں سے جوابی حملے کئے جا رہے ہیں اور اب تک ایک ہزار سے زائد راکٹ اور میزائل داغے جا چکے ہیں۔