May ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • ترکیہ کے صدارتی انتخابات، اردوغان اور قلیچدار اوغلو اگلے مرحلے میں

ترکیہ میں صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق، صدارتی انتخابات کی رائے شماری کے بعد پتہ چلا ہے کہ ترکیہ کے موجودہ صدر رجب طیب اردوغان کو انچاس اعشاریہ تین پانچ فیصد ووٹ ملے جبکہ کمال قلیچدار اوغلو کو پینتالیس فیصد ووٹ مل سکے اور  پچاس فیصد اور ایک ووٹ ملنے میں ناکامی کے بعد، اب یہ انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ۔

بتایا جا رہا ہے کہ اٹھاسی اعشاریہ چار آٹھ فیصد عوام نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات کی ووٹنگ میں شرکت کی ۔ یہ نتائج منظر عام پر آنے کے بعد، ترک صدر اور صدارتی انتخابات کے امیدوار رجب طیب اردوغان نے اپنی تازہ تقریر میں اعلان کیا  کہ وہ صدارتی انتخابات کے اگلے راؤنڈ کی ووٹنگ کرانے کے لئے تیار ہیں۔

رجب طیب اردوغان نے اپنی پارٹی کے مرکزی دفتر کے سامنے اپنے حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے نتیجے اور عوام کے انتخاب سے ہٹ کر میں چھپن ملین ترک عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ اردوغان نے یہ بھی کہا کہ انہیں درپیش ووٹنگ میں کامیابی کا مکمل طور پر یقین ہے۔  ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے اگلے دور کی ووٹنگ، اٹھائیس مئی کو منعقد کی جائے گی۔

 

ٹیگس