شام کے صدر سعودی عرب پہنچ گئے
شام کے صدر بشار اسد عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے سعودی عرب پہنچ گئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا کے مطابق عرب لیگ کا بتیسواں اجلاس جدہ میں ہونے جا رہا ہے جس میں شرکت کے لئے شام کے صدر بشار اسد سعودی بادشاہ کی دعوت پر وہاں پہنچے ہیں۔
بارہ سال تک عرب لیگ میں شام کی رکنیت معطل رہنے کے بعد اُسے دوبارہ اس لیگ میں شامل کر لیا گیا جس کے بعد سعودی عرب نے شامی صدر کو مدعو کیا تھا۔ خیال رہے کہ سات مئی کو ہوئے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں شام کی رکنیت کے تعطل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں دوہزار گیارہ میں عالمی سامراج اور بعض عرب و غیر عرب ممالک کی حمایت سے شروع ہونے والے دہشتگردی کے بحران کے درمیان شام پر مظاہرین اور عوام کے ساتھ ناروا سلوک کا الزام عائد کر کے عرب لیگ میں اسکی رکنیت کو معطل کر دیا گیا تھا۔
ساتھ ہی ایک طرف مغربی ممالک نے جہاں اُسے سخت پابندیوں کی زنجیروں میں جکڑ دیا وہیں خطے کے بعض عرب و غیر ممالک نے بھی اُس سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے تاہم اس ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور دہشتگردوں پر شامی حکومت کو غلبہ حاصل ہونے جانے کے بعد ورق پلٹ گیا اور عرب ممالک نے دوبارہ شام کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔