فلسطین میں صیہونیت مخالف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے: تحریک المجاہدین
تحریک المجاہدین فلسطین نے فلسطین کی سرزمین پر قابضوں اور صیہونی فوجیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی اپیل کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق تحریک المجاہدین نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں علاء خلیل قیسیہ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملت فلسطین اپنی سرزمین میں قابضوں کی موجودگی کو قبول نہیں کرے گی اور وہ صیہونی حکومت کی خباثت سے بھرپور سازشوں اور منصوبوں کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔
تحریک المجاہدین نے اس بیان میں صیہونی قابضوں اور فوجیوں کے خلاف حملوں میں شدت لانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات مزاحمت کے آپشن پر ملت فلسطین کے کاربند رہنے کی عکاسی کرتے ہیں، ایک ایسی مزاحمت کہ جو ملت فلسطین کے عزم و ارادے کے سامنے صیہونی حکومت کی ناتوانی اور لاچاری کو ظاہر کرتی ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی دریائے اردن کے مغربی کنارے میں فلسطینی نوجوان کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور بربریت صیہونی غاصبوں کے قبضے سے آزادی اور سرزمین فلسطین اور اسلامی اور مسیحی مقدسات کہ جن میں مسجدالاقصی سرفہرست ہے، کی مکمل آزادی تک قیام اور جدوجہد جاری رکھنے پر ملت فلسطین کے زیادہ سے زیادہ اصرار اور ان کے عزم و ارادے میں مزید پختگی آنے کا باعث بن رہی ہے۔
فلسطینی نوجوان علاء خلیل قیسیہ جمعہ کے روز الخلیل کے جنوب میں تانا عومریم صیہونی کالونی میں مسلح صیہونی آبادکاروں کی فائرنگ سے شہید ہو گیا تھا۔
صیہونی اپنے توسیع پسندانہ اور ناجائز مقاصد حاصل کرنے کے لیے ہر روز فلسطین کے مختلف علاقوں پر حملے کرتے ہیں اور فلسطینیوں کو شہید یا زخمی کرنے کے علاوہ انھیں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیتے ہیں۔