پاکستانی زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں گی: عراق صدر
عراق کے صدر نے پاکستان کے ساتھ دوجابنہ باہمی روابط کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کے لئے عراق میں مزارات کی زیارات میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے اس سلسلے میں ان کے سفر کو آسان بنایا جائے گا۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جو ان دنوں عراق کے سرکاری دورے پر بغداد میں ہیں اس ملک کے صدرعبداللطیف رشید سے ملاقات کی ۔
ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے گئے اور پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی،اقتصادی، عسکری ، تجارتی، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا گیا۔ پاکستان اور عراق کے درمیان روز افزوں تعلقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عراق کے صدر نے کہا کہ عراقی حکومت کو مختلف ممالک بالخصوص پاکستان کے زائرین کی میزبانی پر فخر ہے اور ان دوروں میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں اقدامات عمل میں لائے جائيں کے
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ نے کربلائے معلی میں پاکستانی زائرین کیلئے ایک مرکز کے افتتاح کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق ہمارا دوست ملک ہے۔اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس سے پہلے اپنے عراقی ہم منصب سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
حالیہ برسوں میں پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی، عسکری، دفاعی اور سیکورٹی وفود کی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک سیاسی، دفاعی اور فوجی تعاون کی راہ پر گامزن ہیں ۔ پاکستان کے وزیر خارجہ کے دورہ بغداد کو بھی دونوں ممالک کے مابین ان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اٹھایا جانے والا ایک اور اہم قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔