Jun ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک استقامت جاری رہے گی: حماس و جہاد اسلامی

فلسطین کے مختلف علاقوں میں ایک طرف غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے جاری ہیں تو دوسری طرف مزاحمتی فلسطینی کارروائیوں سے پتہ چلتا ہے کہ فلسطینی نوجوان ہرجارحیت کا دنداں شکن جواب دینے پر مصمم ہیں اور فلسطین کی مکمل آزادی تک ان کی مزاحمت جاری رہے گی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کی صبح صیہونی فوجیوں کے ایک جھنڈ نے اریحا میں واقع عقبہ فلسطینی کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران جارح صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور چھے فلسطینیوں کو زخمی کردیا ۔ غاصب فوجیوں نے بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے متعدد رہائشی مکانات پر بھی حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ 

رپورٹ کے مطابق، اس حملے کے تھوڑی دیر بعد ہی فلسطینی نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ 

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صیہونیوں کے خلاف چودہ کارروائیاں کیں ۔ صیہونی فوج کے ترجمان آویخائی ادرعی نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلح نوجوانوں نے نابلس شہر کے مضافات میں ایک صیہونی فوجی کو گولیوں کا نشانہ بناکر زخمی کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ایک چیک پوسٹ پر پیش آیا ہے۔ 

ادھر اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اس صیہونی فوجی کے زخمی ہونے کی خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس کے غاصبوں کو جواب دینا فلسطینیوں کا فطری ردعمل اور ان کا حق ہے۔ 

ایک اور بڑی خبر یہ ہے کہ صیہونی وزارت جنگ کے البیت تنصیبات میں ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رمات ہشارون علاقے میں ہونے والے اس دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 

یاد رہے کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران مقبوضہ فلسطین میں اس نوعیت کے متعدد دھماکے ہوچکے ہیں جس کی صیہونی حکام چھپانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ 

ٹیگس