Jun ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • افغانستان: بدخشاں میں ایک اور دہشت گردانہ حملہ، درجنوں افراد جاں بحق و زخمی

افغانستان کے صوبہ بدخشان میں ایک بار پھر دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے جس میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں

سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے صوبہ بدخشان کے انفارمیشن ادارے کے سربراہ معز الدین احمدی نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ بدخشان کے ڈپٹی گورنر نثار احمد احمدی کی مجلس فاتحہ خوانی کے موقع پر ہوا جس میں کم سے کم پندرہ افراد جاں بحق اور چالیس دیگر زخمی ہوگئے، دھماکہ اس وقت ہوا جب گذشتہ منگل کو ایک دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے صوبے کے ڈپٹی گورنر کے لئے ایک مسجد میں فاتحہ خوانی کا اجتماع جاری تھا۔

قابل ذکر ہے کہ صوبہ بدخشان کےڈپٹی گورنر نثار احمد احمدی کو منگل کے روز ایک خودکش حملے میں مار دیا گیا۔ اس دھماکے میں ان کے ایک ساتھی بھی ہلاک جبکہ چھے دیگر زخمی ہوئے۔ داعش دہشت گرد گروہ نے ان کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

گذشتہ چار ماہ کے دوران طالبان کے یہ تیسرے اعلی عہدے دار ہیں جنہیں داعش نے ہلاک کیا ہے ۔ طالبان کی حکومت کی جانب سے داعشیوں سے مقابلے کے دعووں کے برخلاف، اس دہشت گرد گروہ کے ارکان اب بھی افغانستان کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں اور وقفے وقفے سے اپنی دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں ۔

ادھر صوبہ بغلان میں بھی طالبان کا ایک کمانڈ ر اپنے کئی ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا ہے۔

ٹیگس