Jun ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں دسیوں فلسطینی صیہونی جارحیت میں زخمی

فلسطینی ذرائع‏ نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی جارحیت میں دسیوں فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔اس درمیان فلسطینی مجاہدین نے بھی صیہونیت مخالف جوابی کارروائیاں انجام دی ہیں

سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غرب ادن میں نابلس کے علاقے بیت دجن پر حملہ کر دیا جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں اور جارح صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم تیرہ فلسطینیوں کی حالت غیر ہو گئی ۔

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے نابلس کے جنوب میں حوارہ چیک پوسٹ پر ایک فلسطینی جوان کو شدید زدوکوب بھی کیا ۔ صیہونی فوجیوں نے اسی طرح قلقیلیہ کے مشرق میں کفرقدوم پر بھی حملہ کیا اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف کئے جانے والے پرامن مظاہرے کی سرکوبی کی۔ اس موقع پر صیہونی فوجیوں نے فائرنگ بھی کی جس میں تین فلسطینی شدید طور پر زخمی ہو گئے جبکہ آنسو گیس کے استعمال کی بنا پر دسیوں فلسطینیوں کا دم گھٹنے لگا۔

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اسی طرح الخلیل میں بیت امر کو جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں دو فلسطینی زخمی ہو گئے۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے بھی رام اللہ کے مشرق میں در دبوان علاقے اور بیت اللحم کے جنوب مشرق میں تقوع علاقے میں فلسطینی جوانوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔

دریں اثنا مقبوضہ بیت المقدس کے عیساویہ کے علاقے میں فلسطینی نوجوانوں نے غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کا مقابلہ کیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ الخلیل کے شمال میں بیت امر کے علاقے عصیدہ اور جنوبی نابلس میں قریوت کے علاقے میں بھی صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

دوسری جانب فلسطینی مرکز برائے اعداد وشمار نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی جارحیت کے جواب میں اکیس صیہونیت مخالف کاروائیاں انجام دیں۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر المعطی مرکز نے اعلان کیا ہے کہ تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی جارحیت کے مقابلے میں مختلف قسم کے معمولی ہتھیاروں کا استعمال کیا جس میں تین صیہونی فوجی زخمی ہو گئے۔ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب ادن کے مختلف علاقوں منجملہ نابلس، رام اللہ، جنین،اور فلفیلیہ میں صیہونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ رام اللہ کی رنتیس چیک پوسٹ پر بھی فلسطینیوں نے صیہونی جارحیت کے جواب میں حملہ کیا اور اس علاقے میں ایک صیہونی فوجی پر گاڑی چڑھا دی جبکہ ارالجلمہ چیک پوسٹ پر صیہونی فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔ اس رپورٹ کے مطابق جمعے کو بھی صیہونیت مخالف کارروائیاں کی گئیں ۔ اس سے قبل صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل سات نے مئی کے مہینے میں مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں ایک سو چوبیس کارروائیاں انجام دیئے جانے کی خبر دی۔

ٹیگس