Jun ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • شمالی شام پر ترکیہ کا ڈرون حملہ

ترکیہ نے شمالی شام میں تل رفعت اور منبج کے علاقوں اور کرد ڈیموکریٹک فورس کے زیر کنٹرول بعض دیگر علاقوں پر ڈرون حملے کیے ہیں جن میں سولہ افراد مارے گئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی انسانی حقوق کی نگران تنظیم کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے ڈرون حملے میں شمال مشرقی شام کے صوبے الحسکہ میں کرد ڈیموکریٹک فورس سے متعلق ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار افراد ہلاک ہوئے ۔ کرد ڈیموکریٹک فورس کو امریکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ترکیہ کے ڈرون حملے میں چھے دیگر افراد منبج میں مارے گئے جبکہ شامی فوج کے پانچ اہلکار اور ایک عام شہری تل رفعت میں مارا گیا۔

ترکیہ کی وزارت دفاع نے ان ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ترکیہ کی فوج ان علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ شمالی عراق اور شمالی شام میں ترکیہ کی غیر قانونی فوجی موجودگی ایسی حالت میں جاری ہے کہ ان ملکوں کی حکومتوں اور عوام نے بارہا ترکیہ کی فوجی موجودگی اور اس کے حملوں کی مذمت کی ہے اور ان حملوں کو بند کرائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ٹیگس