عرفہ، خالق حقیقی کے حضور راز و نیاز کا سنہری موقع
دعائے عرفہ کے معنوی اجتماعات اور پروگرام پورے ایران میں آج شام کو منعقد ہوں گے اور مخلوق اپنے خالق حقیقی کے حضور راز و نیاز کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت امام حسین علیہ السلام کی دعائے عرفہ کی تلاوت کریں گے۔
سحر نیوز ڈیسک: روز عرفہ در حقیقت روٹھے ہوئے عبد کی اپنے معبود کے ساتھ آشتی کا دن ہے۔ آج کے دن حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں اور دعا اور استغفار کے ساتھ خود کو بخشوانے کی کوشش کے ساتھ ساتھ حج جیسے فریضے کی ادائیگی کی توفیق نصیب ہونے پر خدا کا شکر بجا لاتے ہیں۔
روز عرفہ حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں یکجا ادا کرنے کے بعد میدانِ عرفات میں دعاؤں میں مشغول رہتے ہیں جس کے بعد غروبِ آفتاب پر حجاج کرام میدان عرفات سے مشعرالحرام روانہ ہوتے ہیں۔
روزعرفہ کی اہمیت و عظمت صرف حاجیوں کے لئے ہی نہیں ہے بلکہ تمام مسلمانوں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر تمام انسانوں کے لئے ہے۔ اس دن کی مشہور ترین دعا، نبی رحمت کے نواسے حضرت امام حسینؑ کی تعلیم کردہ دعائے عرفہ ہے۔
اس دعا کو امام حسینؑ نے میدان عرفات میں پڑھا اور آج بھی میدان عرفات میں حاضر نہ ہو پانے والے بھی اپنے مولا و آقا کی اقتداء کرتے ہوئے روز عرفہ اس دعا کو پڑھتے ہیں، یہ دنیا اسلامی معارف کا بحرِ بے کراں اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے اور اس کو پڑھنے کی بڑی تاکید کی گئی ہے۔
اسی لئے آج ایران کے گوشہ و کنار اور ملک کے سبھی مقدس مقامات، امام زادوں کے مقبروں، مساجد اور امام بارگاہوں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیم کردہ دعائے عرفہ کے معنوی اور روح پرور مراسم منعقد ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ حجاج کرام نے گزشتہ روز یوم عرفہ کے مناسک انجام دئے اور آج وہ عید الاضحیٰ منانے میں مصروف ہیں۔