فلسطینیوں کے قتل عام کیلئے صیہونی دہشتگرد اور جنگجو گروہ تشکیل
صیہونی حکومت کے سیکیورٹی اداروں نے حکومت کو دریائے اردن کے مغربی کنارے میں زیر زمین دہشتگرد گروہ اور جنگجو گروہوں کی تشکیل کے خطرے کے بارے میں خبر دار کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں میں ناجائز صیہونی کالونیوں کے انتہا پسند باشندوں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں اور ان کی املاک پر حملوں اور انھیں نذر آتش کرنے کے واقعات میں اضافہ ہونے کے بعد صیہونی حکومت کے سیکیورٹی اور خفیہ اداروں نے حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ فلسطینیوں کا قتل عام کرنے کیلئے اس علاقے میں صیہونی دہشتگرد اور جنگجو گروہ تشکیل پانے کا خطرہ ہے۔
اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق ناجائز صیہونی حکومت کے انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کے خفیہ ادارے شاباک اور اس حکومت کے بعض اعلی حکام نے نیتن یاہو کی کابینہ کے بعض انتہا پسند وزیروں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی کالونیوں کے باشندوں کے مجرمانہ اور نسل پرستانہ اقدامات کی پس پردہ حمایت پر تنقید کی ہے۔