قرآن پاک کی بے حرمتی اسلاموفوبیا کے معمولی واقعات نہیں: او آئی سی
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات روکنے کیلیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کو روکنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے اور مذہبی منافرت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی قانون کا استعمال کیا جانا چاہیے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد جدہ میں او آئی سی کے بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں بین الاقوامی قانون کے فوری اطلاق کے حوالے سے عالمی برادری کو مسلسل یاددہانی کرانی چاہیے جو واضح طور پر مذہبی منافرت کی کسی بھی وکالت کو منع کرتا ہے۔
اس بیان میں واضح پیغام بھیجنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنا محض اسلامو فوبیا کے معمولی واقعات نہیں ہیں۔
او آئی سی کے بیان میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور حضرت رسالتمآب (ص) کی توہین کے واقعات کو روکنے کے لیے متحد اور اجتماعی اقدامات کریں۔