محرم الحرام میں عزاداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا: طالبان
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان میں ماہ محرم کے دوران عزاداری کا سلسلہ برقرار رہے گا اور مجالس عزا کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے سیکیورٹی ادارے فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے ایام، بالخصوص نو اور دس محرم کیلئے پورے طور سے تیار ہیں اور اہل تشیع کو بھی اپنے مذہبی پروگراموں کے انعقاد کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ تمام امام بارگاہوں میں بھی عزاداری کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
البتہ طالبان کے ترجمان نے سیکیورٹی معاملات اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر بڑے بڑے اجتماعات پر پابندی اور عزاداری کے جلوسوں کو محدود پیمانے پر نکالنے کی بات کہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ طالبان نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ان کے بقول افغانستان کے زیادہ تر علاقوں میں محرم کی مجالس پر امن طریقے سے منعقد ہوئیں۔