Jul ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • شام پراسرائیل کا حملہ ناکام

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی (سانا) نے خبر دی ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی سسٹم نے دمشق کے مضافات میں غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے کا مقابلہ کیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی (سانا) نے خبر دی ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی سسٹم نے دمشق کے مضافات میں غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے کا مقابلہ کیا۔

شام کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ قابض اسرائیلی فوج نے آج علی الصبح شام کی سرزمین پر فضائی حملہ کیا جس میں دمشق کے نواحی علاقوں کو کئی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کا شامی فوج کی جانب سے دفاعی جواب دیا گیا۔

شام کے ایک فوجی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ صیہونی غاصبوں نے دمشق کے مضافات میں اہداف پر مقبوضہ فلسطین کی طرف سے حملہ کیا لیکن داغے گئے زیادہ تر میزائلوں کو شام کے دفاعی سسٹم نے مار گرایا۔

قابل ذکر ہے کہ ناجائز صیہونی حکومت تمام تر بین الاقوامی ضابطوں کو نظر انداز کرتے ہوئے شام میں اپنی دہشتگردی کا سلسلہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری رکھے ہوئے ہے جس میں گزشتہ برسوں کے دوران اُس وقت شدت آ گئی تھی جب شام کو عالمی سامراج کی حمایت یافتہ داعشی دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شام کی حکومت نے بارہا اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے علاقائی اور مغربی اتحادی دہشت گرد تکفیری گروہوں کی حمایت کرتے ہیں جو شامی حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

ٹیگس