مراکش میں شدید زلزلہ، 600 سے زیادہ ہلاکتیں
افریقی ملک مراکش میں جمعہ کی رات شدید زلزلہ آیا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور 600 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کی رپورٹیں ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رباط سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مراکش میں جعمہ کو رات دیر گئے شدید زلزلہ آیا جس کی شدت رکٹر پیمانے پر 6 اعشاریہ 8 بتائی گئی ہے جبکہ زلزلے سے 600 سے زیادہ افراد لقمۂ اجل بن گئے۔
مراکش کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زلزلے سے بہت سی عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔ الجزیرہ ویب سائٹ کے مطابق مراکش میں زلزلے سے کم سے کم 630 افراد مارے گئے ہیں اور 320 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی رات 11 بجے کے قریب آیا۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز اٹلس پہاڑوں میں واقع علاقہ بتایا گیا ہے جو ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہر "مراکش" سے تقریباً 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مراکش کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ملک کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ شاہی مسلح افواج، مقامی حکام، سیکورٹی سروسز اور دیگر اداروں کی امدادی کوششیں جاری ہیں اور نقصان کا اندازہ لگانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔