Sep ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • مراکش میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ، تین دن کا قومی سوگ

مراکش میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کرگئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: افریقی ملک مراکش میں جمعہ کی رات آنے والے شدید زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور مراکش کے بادشاہ نے ملک میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ زلزلے سے 600 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مختلف میڈیا رپورٹوں کے مطابق مرکش کے بادشاہ محمد ششم نے زلزلے سے بڑی تعداد میں اموات اور وسیع پیمانے پر نقصان ہونے پر ملک میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔ جمعہ کو دیر رات گئے مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی شدت رکٹر پیمانے پر چھ اعشاریہ آٹھ بتائی گئی ہے۔ 

زلزلے کا مرکز مراکش کے چوتھے سب سے بڑے شہر "مراکش" سے 75 کلومیٹر دور فاصلے پر واقع ایک پہاڑی علاقہ بتایا گیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق زلزلے سے متاثرہ کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئیں تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد سے زلزلے کے ہلکے جھٹکوں (آفٹر شاکس) کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث عوام گھروں میں جانے کے بجائے سڑکوں اور کھلے مقامات پر آ گئے ہیں اور حکام کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ اپنے گھروں میں نہ جائیں۔

 

ٹیگس