افغانستان میں ایران کی امدادی کارروائی
ایران کی ہلال احمر سوسائیٹی کی امدادی ٹیم پہلی ایسی غیر ملکی امدادی ٹیم ہے جو مغربی افغانستان میں زلزلہ زدہ علاقوں میں ملبے تلے دبے زندہ افراد کا پتہ لگانے والے وسائل کے ساتھ مغربی افغانستان پہنچی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مغربی افغانستان میں ہفتے کے روز آنے والے خوفناک زلزلے میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور پندرہ سو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ مغربی افغانستان میں آنے والے اس خوفناک زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مختلف مسائل و بندشوں کے باوجود مغربی افغانستان خاص طور سے ہرات میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبے لوگوں کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ مغربی افغانستان میں آنے والے زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ایران، ترکمنستان اور ازبکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان میں بحران کے آغاز سے ہمیشہ کی طرح اپنی توانائی کے مطابق اس ملک کے عوام کی مدد و حمایت کی ہے اور ہر طرح کی امداد رسانی میں اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے۔