فلسطینیوں اورغاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں700 فلسطینی شہید، 1100 صیہونی ہلاک
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جاری وحشیانہ جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد سات سو سے زائد ہو گئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جاری وحشیانہ جارحیت میں شہید ہونے والے سات سو سے زائد فلسطینیوں میں ایک سو تینتالیس بچے اور ایک سو پانچ عورتیں شامل ہیں۔
فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن شروع کیا ہے جس میں اب تک گيارہ سو سے زائد صیہونی ہلاک اور دو ہزار سات سو اکتالیس دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ فلسطینی مجاہدین نے کافی بڑی تعداد میں غاصب صیہونیوں کو قیدی بنا لیا ہے اور سات سو پچاس دیگر غاصب صیہونی لاپتہ ہیں۔
واضح رہے کہ طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے پر فلسطینی مجاہدین نے غاصب صیہونی حکومت کی فوجی و اقتصادی تنصیبات پر پانچ ہزار راکٹ و میزائل برسائے جبکہ فلسطینیوں کے اس جوابی حملے کو ناکام بنانے میں غاصب صیہونی حکومت کا آئرن ڈوم سسٹم بالکل ناکام و ناکارہ ثابت ہوا۔
مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت ایسی حالت میں مزید بڑھتی جا رہی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی عالمی سطح پر وسیع پیمانے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔