Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • غزہ میں بچوں کے ہسپتال پرسفید فاسفورس بموں سے حملہ

طوفان الاقصی آپریشن کے آٹھویں روز اور فلسطینی استقامت اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان جھڑپوں کے دوران صیہونیوں نے ایک بار پھر غزہ پٹی میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے تھوڑی دیر پہلے مغربی غزہ میں واقع حی الشیخ علاقے کی رہائشی عمارتوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

خبری ذرائع نے کہا ہے کہ صیہونیوں نے جنوبی غزہ میں واقع خان یونس پر بھی بمباری کی ہے۔ صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے شمالی غزہ پٹی میں واقع الندی، الصفطاوی اور العطاطرہ ٹاوروں پر بھی بمباری کی ہے۔

بعض ذرائع نے غزہ پٹی کے مرکزی علاقے میں واقع النصیرات کیمپ پر بھی صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں کی بمباری کی خبر دی ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کی جنگی کشتیوں نے غزہ کے ساحلوں پر گولہ باری کی ہے۔

فلسطینی ذرائع نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے خان یونس میں مسجد سقا کے بالمقابل الاغا خاندان کے گھر پر بھی بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں چند افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔

صیہونیوں نےغزہ پٹی کے مرکزی اور شمالی علاقوں پر بھی بمباری کی ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مشرقی غزہ میں واقع بچوں کے ہسپتال شہید محمد الدرہ پر سفید فاسفورس بموں سے حملہ کیا ہے ۔

غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا ہے کہ غزہ میں بچوں کے ہسپتال پر فاسفورس بموں سے حملے کے بعد اس ہسپتال کو خالی کرا لیا گیا ہے۔اس سے قبل بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت نے فاسفورس بموں سے حملے کئے تھے۔

طوفان الاقصی آپریشن آٹھویں دن میں داخل ہوچکا ہے اور استقامت کے مجاہدین صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں مسلسل بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

دریں اثناء غاصب صیہونی فوجی تل ابیب کے حکام کے آرڈر پر وحشیانہ انداز میں غزہ کے رہائشی علاقوں، طبی مراکز، مساجد اور بے گھر افراد کی پناہ گاہوں پر بمباری کر رہے ہیں ۔

فلسطین کی وزارت صحت کے تازہ ترین بیان کے مطابق گزشتہ ہفتے کی صبح سے جمعے کی شام تک غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جن میں چھ سو چودہ بچے اور تین سو ستّر خواتین بھی شامل ہیں۔

مقبوضہ فلسطین میں استقامت کے آپریشن کو روکنے کے سلسلے میں ناجائز صیہونی حکومت کی کوششیں اب تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئيں اور اس حکومت کے عہدیدار فلسطینی استقامت کے ہاتھوں شکست کی وجہ سے بوکھلائے ہوئے ہیں ۔ اس صورتحال میں وہ عام فلسطینیوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں اور وہ غزہ کو خاکستر کے ڈھیر میں تبدیل کرنے کے ذریعے فلسطینیوں کو کوچ پر مجبور کرنے کے درپے ہیں۔

ٹیگس