عزالدین قسام بریگيڈ: 250 اسرائيلی فوجی اور صیہونی ہماری قید میں ہیں
عزالدین قسام بریگيڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دوسو سے ڈھائی سو کے قریب اسرائيلی فوجی اور صیہونی مزاحمتی فورسز کی قید میں ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی مزاحمتی فورسز نے سات اکتوبر دوہزار تیئیس سے، مقبوضہ سرزمیوں میں صیہونی حکومت کے ٹھکانوں کے خلاف، ہمہ جانبہ اور بے مثال طوفان الاقصی نامی کارروائیوں کا آغاز غزہ سے کیا ہے-
عزالدین قسام بریگيڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے فلسطینی مجاہدین نے جن اسرائیلیوں کو اپنا قیدی بنایا ہے ان کی تعداد دوسو سے ڈھائی سو تک ہے اور ممکن ہے اس تعداد میں اضافہ بھی ہوجائے۔
القسام بریگيڈ کے ترجمان نے کہا کہ ہماری قید میں ایسے صیہونی بھی ہیں کہ جن کی شہریت مختلف ملکوں کی ہے اور ان کو قیدی بناتے وقت ان کی شناخت اور شہریت کے بارے میں اطمینان حاصل کرنے کا امکان نہیں تھا - ابو عبیدہ نے کہا کہ غاصب دشمن نے ہرگز یہ تصور بھی نہیں کیا ہوگا کہ اس کے محاصرے میں غزہ میں رہنے والی ایک قوت اس طرح سے اس کا مقابلہ کرے گی، اور اس کو تاریخ کی بدترین اور سب سے بڑی شکست سے دوچار کردے گی۔