رفح پاس چھ گھنٹوں کے لئے کھل گیا
چھ گھنٹوں کے لئے رفح پاس کھولے جانے پر فلسطینی انتظامیہ نے ، غزہ میں رونما ہونے والے انسانی المیے سے نمٹنے کے لئے مستقل طور پر اس پاس کو کھولے جانے پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی انتظامیہ کے میڈیا آفس نے غزہ میں اعلان کیا ہے کہ رفح پاس کے ذریعے جو قافلے غزہ میں داخل ہوئے ہیں وہ اس علاقے میں رونما ہونے والے انسانی المیے کی روک تھام میں موثر ثابت نہيں ہوسکتے اور غزہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی میں ان امدادی اشیاء سے کوئی خاص فرق پڑنے والا نہيں ہے، اس لئے ہم تمام ضروریات کو پورا کرنے کے مقصد سے رفح پاس کو مستقل طور پر کھولے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
غزہ کے اسٹیٹ میڈیا آفس نے یہ بھی اعلان کیا کہ مصر سے رفح پاس کے ذریعے داخل ہونے والے امدادی قافلے میں ادویات، طبی ضروریات اور خوراک کی محدود مقدار شامل ہے-
غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد لے جانے والا پہلا قافلہ ہفتے کی دوپہر سے پہلے مصر کی رفح سرحد سے غزہ روانہ کیا گيا۔غزہ میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس نے کہا ہےکہ ہم امید کرتے ہیں کہ آنروا ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور غزہ میں امداد پہنچنے پر انہیں مستحق افراد تک پہنچائے گا۔