غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کے خلاف القسام بریگيڈ کی جوابی کارروائی
استقامتی محاذ نے اسرائیلی حملوں کا دندان شکن جواب دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: القسام بریگيڈ نے غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ تل ابیب شہر پر میزائلی حملہ کیا ہے۔
عبری زبان سے تعلق رکھنے والے ذرائع ابلاغ نے تل ابیب میں خوفناک دھماکے اور سائرن بجائے جانے کی خبر دی ہے۔
ایک جانب غزہ پر غاصب صیہونیوں کے حملے جاری ہیں تو دوسری جانب ذرائع نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان وسیع جھڑپوں کی خبر دی ہے۔ یہ جھڑپیں مغربی کنارے میں غزہ سے تعلق رکھنے والے بعض مزدوروں کی گرفتاری اور ایک فلسطینی کی شہادت اور جنین پناہ گزیں کیمپ میں ایک مسجد پر غاصب صیہونیوں کے فضائی حملے میں مزید پانچ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد شروع ہوئيں۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ حماس اور جہاد اسلامی سے تعلق رکھنے والا ایک گروہ اس پناہ گزین کیمپ میں موجود تھا اور وہ اسرائیل کے خلاف کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔
صیہونی فوج کے ریڈیو نے بھی کہا ہے کہ ایک جنگی طیارے نے جنین مسجد کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ جنین ہسپتال کے سربراہ نے کہا ہے کہ جنین پناہ گزیں کیمپ پر غاصب اسرائیل کے حملے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
المیادین کے نامہ نگار نے رپورٹ دی ہے کہ انتہا پسند صیہونیوں نے جنوبی نابلس میں واقع حوارہ علاقے پر حملہ اور فلسطینیوں کے گھروں کی جانب فائرنگ کی ہے۔ اس نامہ نگار کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع طوباس علاقے میں استقامت کے مجاہدین اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔ گزشتہ شب طولکرم کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں انیس سالہ فلسطینی شہید ہوگيا۔