Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت ، غزہ کی خواتین اور بچوں سے انتقام لے رہی ہے: فلسطینی وزیر خارجہ

فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ غاصب صیہونی حکومت ، غزہ کی خواتین اور بچوں سے انتقام لے رہی ہے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے منگل کے دن تقریر کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ میں خواتین اور بچوں سے انتقام لے رہی ہے،حالانکہ بچوں کے قتل عام اور گھروں کو منہدم کرنے سے امن قائم ہوگا نہ ہی صیہونی حکومت کو تحفظ ملے گا۔ ریاض المالکی نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے قتل عام کی روک تھام کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مسلسل ناکامی قابل قبول نہیں ہے۔ المالکی نے خبردار کیا کہ قتل اور مظالم کا سلسلہ جاری رکھنے سے اسرائيل کو مزید تحفظ حاصل نہیں ہوسکے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ نےغزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کو روکنے سے متعلق روس کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔ امریکی حکام اس بات کے مدعی ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی حماس کے مضبوط ہونےکا باعث بنے گی۔ المالکی نے مزید کہا کہ غزہ میں ہر خاندان مصیبت زدہ اورغمگین ہے لیکن ان کےساتھ کسی طرح کی ہمدردی دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایک ہزار فلسطینی ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، غزہ میں دو ملین افراد پر بمباری کی جا رہی ہے اور غزہ میں ایندھن اور امدادی سامان میں کسی بھی طرح کی تاخیرغزہ کے باشندوں کی نابودی کے مترادف ہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ نے اپنی تقریر کے آخر میں یہ بات زور دے کر کہی کہ امن تک رسائي کا واحد راستہ قبضے کا خاتمہ اور ایسی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے عبارت ہے جس کا دارالحکومت قدس ہو۔

ٹیگس