غزہ میں آنروا کے اسکول پر ممنوعہ وائٹ فاسفورس بموں سے حملہ، ہزاروں ٹن بارود برسایا گيا
جبالیا کیمپ پروحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری مزید 19 فلسطینی شہید
سحر نیوز/ عالم اسلام: پریس ذرائع کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ پروحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے جہاں مزید انیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے مغرب میں تل ھوی اور اسی طرح بیت لاہیا، الکرامہ اور الشفا و انڈونیشین اسپتالوں کے اطراف کے علاقوں پر جارحانہ حملے کئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق جبالیا کیمپ کے علاقے الخلفا پر بھی بمباری میں مزید انیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔ اسی طرح الشواطی کیمپ، النصر اور شیخ رضوان علاقوں پر صیہونی جارحیت جاری ہے اور یہ غاصب حکومت فلسطینیوں کے خلاف فاسفورس بموں کا استعمال کر رہی ہے ۔
صیہونی حکومت نے غزہ میں آنروا کے اسکول پر بھی فاسفورس بموں سے حملہ کیا ہے۔ یہ جارح حکومت اسکولوں، طبی مراکز، پناہ گزین کیمپوں اور رہائشی علاقوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے جبکہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں منجملہ نابلس، الخلیل، طول کرم، رام اللہ، اریحا اور قلقیلیہ پر حملہ کر کے دسیوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
صیہونی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے بھی صیہونی آبادی کے مختلف علاقوں میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نے انڈونیشین اسپتال کے اصل جنریٹر بند ہو جانے کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو سنگین المیے کا سامنا ہے۔
ایندھن ختم ہونے پر غوہ میں کینسر ہاسپیٹل کو بھی بند کرنا پڑگیا۔ فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں اب تک آٹھ ہزار، سات سو چھیانوے فلسطینی، شہید ہو چکے ہیں جن میں بیشتر بچے اور عورتیں نیز سن رسیدہ افراد شامل ہیں جبکہ ہزاروں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔