غزہ میں فرانس پریس اور کئی دیگر نیوز ایجنسیوں کے دفاتر پر بمباری
پریس ذرائع نے ہفتے کی صبح غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی جارحیت اور غزہ میں النصیرات کیمپ پر ہونے والے حملے میں چھے فلسطینیوں کے شہید ہونے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے النصیرات کے مشرق میں واقع صلاح الدین روڈ پر شدید حملے کئے۔ صیہونی فوج نے اسی طرح غزہ میں البریج اور النصر علاقے میں الزہارنہ رہائشی عمارت پر شدید بمباری کی۔ صیہونی حکومت کے جارح طیاروں نے غزہ کے مشرق میں الزیتون علاقے پر کئی بار بمباری کی اور الشفااسپتال کے جنریٹر کو نشانہ بنایا۔
دریں اثنا غزہ میں فلسطینی حکومت کے پریس دفتر نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے شمالی غزہ میں فرانس پریس کے دفتر اور کئی دیگر نیوز ایجنسیوں کے دفاتر پر بمباری کی۔ الجزیرہ ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں اب تک چھیالیس نامہ نگار اور صحافی شہید ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل بین الاقوامی ہنگامی امداد کے ادارے انروا نے اعلان کیا تھا غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں اب تک اس تنظیم کے بہتر کارکن مارے جا چکے ہیں۔ دفاع کے نام پر صہونی حکومت کے لئے مغربی حمایت فلسطینی عام شہریوں خاصطور سے بچوں اور عورتوں کے بہیمانہ قتل عام کے لئے ہری جھنڈی دکھائے جانے کے مترادف ہے۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ ميں غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد نو ہزار تین سو سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد تیئس ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔غزہ میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں دو تہائی بچے اور خواتین ہیں ۔