افغانستان: دہشت گردانہ بم دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغرب میں واقع ایک علاقے میں منی بس میں کئے جانےوالے دہشت گردانہ بم دھماکے کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: داعش دہشت گرد گروہ کی، خراسان نامی شاخ نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کابل کے مغرب میں کار بم دھماکہ خراسان گروہ نے کیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار میں اس دھماکے میں سات افراد کے جاں بحق اور بیس دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں آٹھ افراد جاں بحق اور اڑتیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
حالیہ دو ہفتوں کے دوران کابل کے مغرب میں شیعہ مسلمانوں کی آبادی والے علاقے میں یہ دوسرا دہشت گردانہ بم دھماکہ ہوا ہے۔ اس سے قبل اس علاقے میں ایک کلب میں دھماکہ ہوا تھا جبکہ ایک ماہ قبل شمالی افغانستان میں پلخمری کی ایک مسجد میں دہشت گردانہ بم دھماکے میں دسیوں نمازی شہید و زخمی ہو گئے تھے۔
افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر نے کابل میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس قسم کے حملوں کے بارے میں شفاف اور مکمل تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مجرمانہ عناصر کا پتہ لگایا جا سکے۔