Nov ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • غزہ کی تازہ ترین صورت حال، بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے قافلوں پر بمباری

غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے وحشیانہ ہوائی اور زمینی حملے اور غاصب فوجیوں کے ہاتھوں مغربی کنارے کے باشندوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاری، یہ ہے آج طوفان الاقصی آپریشن کے سینتالیسویں دن کی تازہ صورت حال۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق صیہونی فوج کے جنگی طیاروں اور توپ خانے نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں کو کئی گھنٹے سے مسلسل نشانہ بنایا ہے۔غزہ پٹی میں عارضی جنگ بندی کے اعلان کے باوجود غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے جنگی طیاروں کے حملے متواترجاری ہیں۔

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے الفالوجہ، جبالیہ النزلہ اور تل الزعتر کے اطراف کے علاقوں پر پے در پے بڑے پیمانے پر بمباری کی ہے۔ غاصب صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے شیخ رضوان علاقے میں واقع الجلا روڈ پر رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید ہوگئے۔

اس سے پہلے المیادین ٹی وی چینل نے غزہ کے وسط میں واقع علاقے دیرالبلح میں وسیع دھماکوں کی خبر دی تھی۔

ادھر صیہونی فوج کے توپ خانے نے بھی غزہ کے مشرق میں یافا روڈ پر واقع مسجد المحطہ کے اطراف کے علاقوں پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہیں۔

المیادین ٹی وی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے آج بدھ کے روز غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو اپنی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوج غزہ پٹی کے شمال سے جنوب کی طرف جانے والے بے گھر فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے اور ان کے قافلوں پر بمباری کر رہی ہے۔

دریں اثنا، فلسطین الیوم ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجی کئی گھنٹے سے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ غاصب فوجیوں نے نہ صرف مذکورہ علاقوں کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے بلکہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں پر حملہ کرکے بہت سے فلسطینیوں کو بلا جواز گرفتار کرلیا۔

باخبر ذرائع نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں طولکرم کیمپ کا محاصرہ کئے جانے کے ساتھ ہی اس کیمپ سے متصل اصل سڑک پر ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے جبکہ صیہونی فوج کے بلڈوزروں نے بھی مذکورہ کیمپ کے البلاونہ علاقے کی سڑکوں اور بنیادی تنصیبات کو تباہ کردیا ہے۔

ادھر قلقیلیہ کے مشرق میں واقع علاقے عزون پر غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے میں ایک نوجوان فلسطینی شہید ہوگیا ہے۔اسی درمیان، غاصب صیہونی حکومت کے ایک ڈرون طیارے نے طولکرم کیمپ کے ایک حصے پر بمباری کی ہے اور حملے کے بعد غاصب فوجیوں نے امداد رسانی کی گاڑیوں کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی۔

باخبر ذرائع نے کہا ہے کہ اس ڈرون حملے میں بےگناہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید اور ایک تعداد زخمی ہوگئی۔

ٹیگس