دہلی میں واقع افغانستان کا سفارت خانہ مستقل طور پر بند کردیا گیا
دہلی میں واقع افغان سفارت خانے نے اپنے سفارتی مشن کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کے سفارت خانے نے ایک بیان کے ذریعہ اپنے سفارتی مشن کی بندش کا اعلان کیا ہے۔
افغان سفارت خانے کے بیان کا متن اس طرح ہے، "حکومت ہند کی جانب سے مسلسل چیلنجوں کے پیش نظر یہ حکم 23 نومبر 2023 سے نافذ العمل ہے۔ یہ فیصلہ سفارت خانہ کی جانب سے 30 ستمبر کو آپریشن بند کرنے کے فیصلے کی تعمیل میں کیا گیا ہے۔ یہ قدم اس امید پر اٹھایا گیا تھا کہ مشن کو معمول کے مطابق چلانے کی اجازت دینے کے لیے حکومت ہند کا رویہ سازگار طریقے سے بدل جائے گا۔‘‘
افغانستان کے سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم افغان برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ مشن شفافیت، احتساب اور ہندوستان کے ساتھ تاریخی اور دوطرفہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے افغانستان کی خیرسگالی اور مفادات کی بنیاد پر غیر جانبداری کے ساتھ چلایا گیا۔‘‘
واضح رہے کہ ستمبر کے مہینے میں پہلی بار افغانستان کے سفارت خانے سے متعلق تنازعہ سامنے آیا تھا اور افغان سفیر نے کہا تھا کہ سفارت خانے کو ہندوستان سے تعاون نہیں مل رہا ہے۔ ہندوستان نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ افغان سفیر پچھلے کئی مہینے سے ہندوستان میں رہنے کے بجائے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔